آڈیٹر جنرل کی تنظیم ملک کا ایک اہم ادارہ ہے جس کامقصد عوامی جوابدہی اور حکومتی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ تنظیم مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری اورانتظامی محکموں میں دھوکہ اورنقصانات کے ممکنات میں کمی لانے کی خواہاں ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تقرری آئینی تقاضا ہے۔ ۔ اس کی فراہم کردہ اطلاعات قومی، صوبائی اور ضلعی اسمبلیوں میں پیش کی جاتی ہیں اور متعلقہ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ان پر غور کیا جاتا ہے۔اپنے اختیار کی بناء پر یہ ادارہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک آزاد اور بامقصد تشخیص سے حکومتی عمل کے ذریعے ایک مضبوط قانون سازی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
آڈیٹر جنرل کے بجٹ کی درجہ بندی ''چارج'' اخراجات کے طور پر کی جاتی ہے۔ تمام چارج اخراجات پر پارلیمنٹ میں رائے شماری نہیں ہوتی جو ادارے کی خود مختاری کا واضح ثبوت ہے۔ تقریباََ 1500تربیت یافتہ افسران ادارے کو اس کے فرائض کی انجام دہی میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔بطور اعلیٰ محاسب یہ ادارہ مساوی ملازمت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔